ویب ڈیسک: پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈیم پر کام کرنے والوں کی سکیورٹی پر مامور پانچ اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ ہوا، ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور مقامی افراد پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ضلعی انتظامی افسران جائے موقع پر موجود ہیں، واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں سکیورٹی پر مامور تھے، مسلح افراد نے کمپنی کی مشینری کو نذرآتش کر دیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد کے قتل کی مذمت کی اور دہشتگرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرنا نہیں دیکھنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، شہباز شریف نے حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔