سٹی42: پاکستان میں گاڑیوں کے شوقین افراد کئلئے پاکستان آٹو شو میں متعدد نئی اٹریکشنز سامنے آئیں جن میں سر فہرست پانچ الیکٹرک گاڑیوں کے نئے دلفریب اور غیر معمولی سہولیات سے آراستہ ماڈل تھے۔ یہ آٹو شو 25 سے 27 اکتوبر تک جاری رہا اور اسے ہزاروں شہریوں نے دیکھا۔
پاکستان آٹو شو 2024 کے دوران مختلف کمپنیوں نے 5 نئی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائیں، شو میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان جدید الیکٹرک گاڑیوں میں گہری دلچسپی لی، آئیے ان گاڑیوں کی تفصیلات پر نظر ڈالتے ہیں۔
1. ہنڈائی ایلانٹرا ہائبرڈ
ہنڈائی کی ایلانٹرا ہائبرڈ کار جدید ٹیکنالوجی سے مزین ہے، جس میں کیلیس انٹری، کروز کنٹرول، پارکنگ سینسر، پش سٹارٹ، اور 10 انچ کی سکرین شامل ہیں۔ اس میں سیفٹی فیچرز جیسے اے بی ایس بریکس، ایمرجنسی سگنل سٹاپ، ٹریکشن کنٹرول، اور پارکنگ بریک بھی موجود ہیں۔ کمپنی کے مطابق، اس کی قیمت 97 لاکھ روپے ہے۔
2. چنگان لیومن
چنگان کی لیومن میں صرف 2 دروازے ہیں لیکن اس میں 4 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس میں 28 کلو واٹ کی بیٹری ہے، جو اسے تقریباً 300 کلومیٹر کی رینج دیتی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ یہ گاڑی شہر میں چلانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے اور اس میں ایکو اور سپورٹس جیسے مختلف ڈرائیونگ موڈز موجود ہیں۔ تاہم، پاکستان میں اس کی لانچ کی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا۔
3. بی وائی ڈی کی الیکٹرک ایس یو وی
بی وائے ڈی نے پاکستان میں اپنی دو الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائی ہیں، جن میں آٹو تھری اور سیل شامل ہیں۔ آٹو تھری میں 49.92 کلو واٹ کی بیٹری ہے جو 410 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتی ہے، اور اس کی قیمت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے۔ جبکہ سیل کی دو اقسام ہیں جن کی قیمتیں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ ہیں، اور اس میں 82.5 کلو واٹ کی بیٹری کی مدد سے 570 کلومیٹر کی رینج حاصل کی جا سکتی ہے۔
4. کیا ای وی فائیو
کورین آٹو کمپنی کِیا نے پاکستان میں اپنی پہلی الیکٹرک کار لانچ کی ہے جس کے دو ورژن ہیں: کِیا ای وی فائیو ایئر اور ارتھ۔ دونوں گاڑیوں کی رفتار 185 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔ ان میں تیز چارجنگ کا فیچر بھی ہے جس کے ذریعے بیٹری ڈیڑھ گھنٹے میں 100 فیصد چارج ہو سکتی ہے۔ کِیا ای وی فائیو ایئر کی رینج 490 کلومیٹر ہے اور اس کی قیمت ایک کروڑ 85 لاکھ روپے ہے، جبکہ ارتھ کی رینج 620 کلومیٹر ہے اور اس کی قیمت دو کروڑ 35 لاکھ روپے ہے۔
5. ایم جی ایچ ایس (پلگ اِن ہائبرڈ)
ایم جی کی ایچ ایس جو پہلے ہی پاکستان میں 2021 میں متعارف ہو چکی تھی، اب ایک پلگ اِن ہائبرڈ ورژن کے ساتھ موجود ہے۔ اس گاڑی میں پیٹرول انجن اور الیکٹرک بیٹری دونوں شامل ہیں، جس کی مدد سے آپ 50 کلومیٹر کی رینج حاصل کر سکتے ہیں۔ باقی سفر پیٹرول کے ذریعے طے کرنا ہوگا۔ اس کار میں چھ ایئر بیگز، 360 ڈگری کیمرا، اور آٹو ایمرجنسی بریک جیسے جدید فیچرز موجود ہیں۔ اس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے تک ہوسکتی ہے۔
یہ جدید الیکٹرک گاڑیاں پاکستان میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کمپنیوں کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔