خالصتان ریفرنڈم کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہو گا

29 Oct, 2023 | 04:05 AM

سٹی42: بھارت میں موجودہ ریاست پنجاب کو خالصتان بنانےکیلئے پنجابیوں کے عالمی ریفرنڈم اگلا مرحلہ آج شروع ہو جائے گا۔

خلاصتان تحریک کی تنظیموں کے زیراہتمام اس ریفرنڈم کا آج اتوار کے روز سے باقاعدہ آغاز کینیڈا کے شہر وینکوور میں میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی مین ہونے والے ریفرنڈم سے ہو رہا ہے۔ 

وینکوور سمیت کینیڈا بھرمیں خالصتان  ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،  گرونانک سنگھ  گورودوارہ  میں ووٹ ڈالنے کے لئے  کینیڈا بھر سے سکھ اپنے گھروں سے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔

وینکوور میں گورو نانک سنگھ گورودوارہ کے سامنے دیوہیکل بورڈ نصب کر کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارت کے کینیڈا میں سفیر جے کرشن کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں ہیں۔ان تصاویر کے حوالہ سے ریفرنڈم کے آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں نصب کرنے کا مقصد ریفرنڈم شروع ہونے کے بعد آنے والے ووٹر خود بتائیں گے۔

خالصتان تحریک اب فیصلہ کن موڑ پر ہے، گورمیت سنگھ طور

 دریں اثنا خالصتان تحریک کے رہنما گورمیت سنگھ طور نے کہا ہے کہ بھارت نے کینیڈا میں سرگرم خالصتانی رہنماہردیپ سنگھ نجر ک کو قتل کروا کے سوچا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد خالصتان کی تحریک دم توڑ جائے گی لیکن کینیڈا اور دنیا بھر میں اس کے برعکس ہوا ہے۔ خالصتان کی تحریک اب فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہے۔

گورمیت سنگھ طور کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت نے انہیں خبردار کیا ہے کہ بھارت ہردیپ سنگھ نجر کے بعد انہیں بھی قتل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جس روز ہردیپ سنگھ نجر کی شہادت ہوئی ہم تمام دن ساتھ تھے، ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ان کی فیملی کو انصاف دلانے کیلئے کوشاں ہوں۔

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور میں واقع گرونانک سکھ گوردوارہ میں 29 اکتوبر کو خالصتان ریفرنڈم ووٹنگ میں ہزاروں سکھوں کی شرکت متوقع ہے۔ اسی گورودوارہ میں بھارت کے ایجنٹوں نے خالصتان کی آزادی کے حامی کینیڈین سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا تھا۔

ہردیپ سنگھ کےخون نے خالصتان تحریک میں نئی جان ڈال دی، ڈاکٹر بخشیش سنگھ

کونسل آف خالصتان کے سربراہ ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے کہا ہےکہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے تحریک خالصتان میں نئی روح پھونک دی ہے، کینیڈین وزیراعظم نے ہمارے خدشات کی تصدیق کردی ہے کہ بھارت سکھوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔

آج وینکوور میں ریفرنڈم کے حوالے سے اپنے بیان میں ڈاکٹر بخشیش سنگھ جی نے کہا کہ اب یہ پوری دنیا کو پتہ ہےکہ بھارت سکھوں کے قتل عام میں ملوث ہے، ہردیپ سنگھ نجر کے ریاستی قتل پر دنیا بھر کے سکھ غم و غصے سے دو چار ہیں، ہردیپ کو لگنے والی گولی ہر سکھ کو چھلنی کرگئی، یہ گولیاں بھارت کے تابوت میں آخری کیلیں ثابت ہوں گی۔

مزیدخبریں