آئی سی سی ورلڈ کپ؛ فائنل پاکستان ہی کھیلے گا

29 Oct, 2023 | 03:06 AM

سٹی42: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اوپر تلے چار میچوں میں شکست کے باوجود پاکستان کی قومی ٹیم کا جیتنے کا جذبہ اور ارادہ برقرار ہے اور  پاکستان کےفائنل کھیلنے اور جیت کر ورلڈ کپ لے آنے کا روشن امکان اب بھی برقرار ہے۔

قومی ٹیم 4 میچ ہار کر  بھی ٹورنامنٹ سے آؤٹ نہیں ہوئی تاہم اب دیگر ٹیموں کے میچوں کے نتائج  پاکستان کی فیور میں آنا زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سٹریٹیجی بنانے والے نوجوان کپتان بابر اعظم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان سیمی فائنل تک رسائی کے لیے  اپنے بقیہ تینوں میچ اچھے مارجن سے جیتنے کے لئے پر عزم ہیں اور وہ مسلسل اپنی حکمتِ عملی پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کو  ٹورنامنٹ میں اب بنگلا دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے میچ کھیلنا ہیں۔

 
اپنے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو  یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقا اور سری لنکا سے بھی ہار جائے۔

اگر ایسا ہی ہوا  تو پھر  پاکستان کے 10 اور نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹ ہوجائیں گے، لیکن ساتھ ساتھ دوسری جانب سری لنکا کا رزلٹ بھی پاکستان کی نظروں میں رہے گا۔

سری لنکا کو  اب افغانستان، بھارت، بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے، پاکستان کے لیے ضروری ہےکہ سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست  دے مگر ساتھ ساتھ بھارت، بنگلا دیش  اور  افغانستان میں سے صرف ایک ہی میچ جیتے۔

کیونکہ اگر سری لنکا بقیہ 4 میں سے 3 میچ جیتا تو اس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے۔

 نیوزی لینڈ اگر 3 میں سے ایک بھی میچ جیتا تو  اس کے بھی 10 پوائنٹ ہوجائیں گے، ایسی صورت حال میں پاکستان کا کافی انحصار نیٹ رن ریٹ پر  ہوجائےگا۔

ٹورنامنٹ کی موجودہ صورت حال میں پاکستان کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں اور آخر تک اس آس کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان آئندہ میچوں میں بہادری کا مظاہرہ کرے کیوں کہ قسمت بھی بہادروں کا ہی ساتھ دیتی ہے۔

فوٹو کریڈٹ: کرِک اِنفو

مزیدخبریں