(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے غیر ذمہ دارانہ ، اشتعال انگیز بیان کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے انتہائی غیرذمہ دارانہ، اشتعال انگیز بیان کو مسترد کرتے ہیں،ان کا یہ کہنا کہ ہم نے کشمیر میں ترقیاتی کام شروع کر دیا جو جی بی تک نہیں رکے گا،ان کے پرفریب ریمارکس مضحکہ خیزاور پاکستان دشمنی کاعکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد ترقیاتی کام محض تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی شوقیہ کوشش ہے،حکومت ہند کو یاد دلایا جاتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں زمینی حقائق مختلف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر دنیا کے لیے آزاد، کھلا اور قابل رسائی خطہ ہے،بھارت نے گزشتہ 75 سالوں سے جموں کشمیر پر زبردستی قبضہ کررکھا ہے،9لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں،ان خلاف ورزیوں میں ماورائےعدالت قتل،حراست میں ہلاکتیں،تشدد اور من مانی نظربندیاں شامل ہیں۔