ویب ڈیسک : پیمرا نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کی لائیو کوریج پر پابندی عائد کر دی۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور اس کے رہنماؤں کی تقریروں سمیت دیگر پروگراموں کو براہِ راست نشر نہ کیا جائے۔
پیمرا کی جانب سے 28 اکتوبر کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے ٹی وی چینلز کو پروگرام براہ راست نشر نہ کرنے کی ہدایات پہلے بھی دی گئی تھیں، تاہم اس کی کمپلائنس بہت خراب ہے۔ آج ٹرانسمیشن کو مانیٹر کیا گیا، اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ تقریر کے دوران اداروں کے خلاف بیانات براہ راست نشر ہوئے، جو عدالتی حکم اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
ٹیلی ویژن چینلز کو احکامات دیے گئے ہیں کہ وہ ایسا مواد نشر کرنے سے گریز کریں جو (دانستہ یا نادانستہ) ریاستی اداروں کو بدنام کے مترادف ہے، اور اپنے ایڈیٹوریل بورڈز، ڈائریکٹرز، بیوروز اور رپورٹرز کو اس حوالے سے ہدایات دیں۔
پیمرا نے انتباہی انداز میں کہا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی ہو سکتی ہے، جس کے تحت لائسنس کی معطلی اور منسوخی بھی ہوسکتی ہے۔