(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ نے آئندہ ہفتے کورونا کے باعث عائد سفری پابندیوں کی فہرست ریڈ لسٹ سے مزید 7 ممالک کو نکالنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے کورونا کے باعث عائد سفری پابندیوں کی فہرست ریڈ لسٹ سے مزید 7 ممالک کو نکال دیا جائے گا، جس میں کولمبیا، ڈومینیکن رپبلک، ایکواڈور، ہیٹی، پاناما، پیرو اور وینزویلا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی تسلیم شدہ ویکسی نیشن والے ممالک میں مزید 30 ملک شامل کریں گے، تاہم ریڈ لسٹ کے نظام کو مکمل طور پر ترک نہیں کیا جائے گا اور اگر کورونا کی نئی اقسام سامنے آئیں تو برطانیہ کی جانب سے مستقبل میں ممالک کو دوبارہ شامل کیا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری صحت ساجد جاوید نے کہا کہ یہ ہماری سرحدوں کی حفاظت کے لیے اہم ہے اور قرنطینہ کے لیے ہوٹل کے کمروں کو اسٹینڈ بائی پر رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہےکہ ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والے ہر فرد کو 10 دن قرنطینہ رہنا ہوتا ہے جس کیلئے اسے ہوٹل کے کمرے کی فیس 2285 پاؤنڈ ادا کرنا پڑتی ہے جس میں ٹرانسپورٹ، کھانے اور ٹیسٹوں کی لاگت بھی شامل ہے۔
ایک اضافی بالغ یا 11 سال سے زیادہ عمر کے بچے کے لیے یہ فیس 1430 پاؤنڈ ہے اور پانچ سے 11 سال تک کے بچے کے لیے 325 پاؤنڈ ادا کرنا لازم ہیں اور اگر آپ انگلینڈ روانگی سے قبل قرنطینہ پیکیج کا انتظام نہیں کرتے تو آپ کو اوپر دی گئی رقم کے علاوہ 4 ہزار پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنا ہوگا، برطانیہ نے پاکستان کو بھی 5 ماہ تک سفری ریڈ لسٹ میں شامل رکھا تھا۔