ویب ڈیسک : افغانستان کی کرکٹ ٹیم 90 کی دہائی میں بنی اور اس کی بنیاد بھی پشاور میں رکھی گئی تھی۔
پشاور کے افغان پناہ گزین کیمپ کچہ گڑھی میں تین چار نوجوانوں نے تاج ملک کی سربراہی میں مقامی سطح پر ایک لیگ کی بنیاد رکھی تھی اور یہی لیگ بعد میں افغانستان میں کرکٹ ٹیم بننے کی وجہ بنی۔
اسی لیگ نے طالبان کے اس دور میں کوشش بھی کی تھی کہ طالبان کی جانب سے اس لیگ کو ایک سرکاری حیثیت حاصل ہو جائے لیکن وہ اس وقت ممکن نہ ہو سکا تھا لیکن 2001 میں طالبان کی حکومت کے خاتمے کے بعد افغانستان ٹیم سرکاری طور پر ابھری اور اسی سال وہ آئی سی سی کی رکن بھی بن گئی تھی۔
افغانستان نے پہلا ایک روزہ میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 2009 میں کھیلا تھا جبکہ 2015 میں پہلی مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔