(سعید احمد سعید) مسلم لیگ ن کےرکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے پارٹی قائد نواز شریف کو ذہنی اور جسمانی بیمار قرار دیتے ہوئے قیادت شہباز شریف یا حمزہ کو دینے کا مطالبہ کر دیا۔
لاہور پریس کلب میں پی ٹی آئی شیخوپورہ کی مقامی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نواز شریف جسمانی اور ذہنی بیماری میں مبتلا ہیں،انھیں علاج کی ضرورت ہے ،مسلم لیگ ن سے تعلق ہے اور رہے گا،عوام سے ووٹ لئے نشست نہیں چھوڑوں گا۔
قومی اسمبلی میں ایاز صادق کے بیان پر دکھ ہوا،اُن کا بیانیہ درست ہے یا غلط،ایازصادق قابل گرفت ہیں۔ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پرعمل کرتے ہوئے عمران خان کو عزت دیں،عمران خان تعاون کریں ،آٹے کا بحران ختم کر دوں گا۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے اپنے پانچ اراکین صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
پارٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ممبران صوبائی اسمبلی میں خانیوال سے منتخب ہونے والے نشاط احمد ڈاہا اور فیصل خان نیازی، شیخوپورہ سے جلیل احمد شرقپوری اور چوہدری اشرف علی جبکہ نارووال سے ایم پی اے مولوی غیاث الدین شامل تھے۔
واضح رہےشیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے جلیل احمد شرقپوری نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف کی حالیہ اے پی سی کی تقریر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر ان سے باقاعدہ وضاحت بھی طلب کی گئی تھی۔