(عابد چوہدری ) باغبانپورہ پولیس نے پراپرٹی ڈیلر سے پانچ لاکھ بھتہ لینے والے بھتہ خور کاشف بٹ کو گرفتار کر لیا، ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ صاعد عزیز کے مطابق باغبان پورہ پولیس نے پراپرٹی ڈیلر اعظم سے پانچ لاکھ روپے بھتہ لینے والے ملزم کاشف بٹ کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ ملزم کاشف بٹ نے اسلحہ کے زور پر اعظم نامی شہری سے 5 لاکھ کیش اور 55 لاکھ روپے کے 2 چیک لیے،متاثرہ شہری کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا، ملزم کاشف بٹ قتل، بھتہ خوری سمیت ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جاے گا۔
دوسری جانب تھانہ کاہنہ کے علاقے جھلکے سٹاپ پر بلڈنگ مٹیریل کی دکان میں ڈکیتی کی ورادت ہوئی جس میں ڈاکوؤں نے دکاندارکو یرغمال بنا کر ڈیڑھ لاکھ نقدی لوٹ لی، متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ دکان میں ایک ہفتے میں دو ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں۔ تھانہ کاہنہ میں دونوں وارداتوں کے اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دی مگر تاحال کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ دکاندار نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد کاروائی کرکے ملزمان گرفتار کیے جائیں اور چوری شدہ رقم برآمد کی جائے، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جلد ملزمان کو گرفتارکرلیا جائے گا۔