(شاہد ندیم سپرا) عید میلادالنبیﷺ پر لیسکو نے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا، تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے شٹ ڈاؤن منسوخ کر دیئے۔
جشن ولادت با سعادت نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر دو روز کے لئے شہر بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، کیٹیگریز فور اور فائیو میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی، لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا شٹ ڈاؤن بھی منسوخ کر دیا ہے۔
آپریشنل سٹاف بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ لیسکو چیف نے مزید بتایا کہ عید میلادالنبی پر ٹیمیں فرائض انجام دیں گی، تاکہ تیکنیکی خرابی کو بروقت دور کر کے بجلی فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب لیسکو کے اٹھارہ افسران کو گریڈ بیس اور اکیس میں ترقی دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، پیپکو نے ہفتہ کے روز سینئر سلیکشن بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے سینئر سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ سمیت دیگر کمپنیوں کے سربراہان شریک ہوں گے، جو افسران کا انٹرویو کریں گے۔
لیسکو سے جی ایم ٹیکنیکل معین الدین اور چیف انجینئر پلاننگ ایمینوئل سردار کا نام شامل ہے جبکہ لیسکو سے جنرل مینجر آپریشن پرویز اقبال کو بھی انٹرویو کے لئے بلا لیا گیا ہے۔چیف انجینئر کے عہدے پر ترقی دینے کے لئے لیسکو سے عزیز الرحمان، محمد نعیم، بشیر احمد، صدیق اللہ خان، عامر یاسین، منظور حسین اور اللہ یار خان کو انٹرویو کے لئے بلا لیا گیا ہے۔
اسی طرح رانا اشتیاق، ناصر ایاز خان، راو سعید ، جاوید اقبال گل، محمد افضل ندیم کو گریڈ بیس دیا جائیگا جبکہ رانا ایوب، محمد آصف ندیم اور عبدالمنان منگی کو بھی انٹرویو کے لئے بلا لیا گیا ہے۔ ترقی پانے والے افسران کو پیپکو پالیسی کے مطابق دیگر کمپنیوں میں تعینات کیا جائےگا۔