فاران یامین:شہر میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی اونچی اُڑان، ایک دن میں مرغی کا گوشت گیارہ روپے مہنگا ہوگیا، مختلف سبزیوں کی قیمت میں بھی 15 روپے تک اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری نرخ نامے میں مختلف سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، پیاز ایک روپیہ مہنگی ہوگئی، پیاز 65 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے، آلو 76 روپے فی کلو، بند گوبھی 6 روپے اضافے کیساتھ 99، پھول گوبھی 2 روپے اضافے کیساتھ 73 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔
شملہ مرچ 234 روپے کلو، سبز مرچ 15 روپے اضافہ کیساتھ 170 روپے فی کلو ہوگئی، ٹماٹر 150، لہسن 270، ادرک 10 روپے اضافہ کے ساتھ 335، کھیرا 62 فی کلوہوگیا، لیموں 2 روپے اضافہ کیساتھ 72، پھلیاں 10 روپے اضافہ کیساتھ 93، اروی 99، مٹر229، ٹنڈے دیسی 104، مونگرے 130، ٹنڈے 99 روپے، بھنڈی 73 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔
برائلر مرغی کے زندہ کی قیمت میں 8 روپے اضافہ 164 روپے جبکہ مرغی کا گوشت گیارہ روپے اضافہ کے ساتھ 249 روپے فی کلو ہوگیا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے جولائی سے ستمبر کے دوران 2 ارب 73 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کا غیر ملکی قرض لیا۔ گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 2 ارب 18 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا تھا، اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران لیا گیا قرض پورے سال کو بیرونی قرضوں کے بجٹ تخمینہ کا 22 فیصد ہے۔
تقریبا پونے تین ارب ڈالر کے قرضوں میں ایک ارب 26 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا قرضہ بجٹ سپورٹ کے لیے لیا گیا،14 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کمرشل قرضے ہیںجبکہ صرف 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے قرضے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہیں، تین ماہ کے دوران سعودی عرب سے ادھار تیل نہیں ملا، بجٹ میں سال کے دوران سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کا ادھار تیل ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔