(قذافی بٹ) بزدار حکومت ایک اور قدم آگے، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو جدید سکیورٹی فیچرڈ سے آراستہ نمبر پلیٹسں فراہم کی جائیں گی، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ میں منعقدہ تقریب میں نمبر پلیٹس کی سپلائی کے معاہدے پر دستخط کیے گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے ایڈیشنل ڈی جی راؤ شکیل الرحمان اور این آر ٹی سی کے جی ایم مارکیٹنگ سید عامر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی سکیورٹی فیچرڈ اور اسٹینڈرڈائز نمبر پلیٹس کی فراہمی کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے۔ جی ٹو جی بنیاد پر ہونیوالا یہ معاہدہ نمبرپلیٹس کی سپلائی اور اجراء کے مسئلے کا طویل المدتی حل ثابت ہوگا، قیمتی زرمبادلہ کی بچت کیساتھ یہ معاہدہ عوام کیلئے معیاری سہولت کا باعث بنے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے نمبر پلیٹس کی شناخت ممکن ہو گی، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے مالکان کو جلد نمبر پلیٹس ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ایک ہی طرز پر موٹر وہیکل رجسٹریشن بذریعہ یونیورسل رجسٹریشن سیریز کا آغاز کیا گیا اور پرکشش نمبروں کی نیلامی کے عمل کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔