(جنید ریاض) پنجاب بھر کے ایجوکیٹرز نے مستقل نہ کرنے کے فیصلے کیخلاف 4 نومبر کو سول سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔
پنجاب گورنمنٹ کمپیوٹر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے سیکنڈری سکول ایجوکیٹرز کی غیر مشروط مستقلی پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، پیسپا پنجاب کا کہنا ہے کہ مستقلی کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن بھجوانے کے حکومتی بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔
کاشف شہزاد چودھری کا کہنا ہے کہ ایجوکیٹرز تیار ہوجائیں غیر مشروط مستقلی کا معاملہ انجام تک پہنچائیں گے، ٹیسٹ اور میرٹ پر بھرتی ایجوکیٹرز کیساتھ امتیازی سلوک منظور نہیں۔
عمران طفیل نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے 4 نومبر کو تاریخ ساز احتجاج ہو گا۔حکومت کو ناانصافی اور وعدہ خلافی نہیں کرنے دیں گے، پے اور سروس پروٹیکشن کا حق بھی حاصل کرنا ہے۔
اعجاز حسین کا کہنا ہے کہ پنجاب کے اساتذہ کو بھی 3 درجاتی ٹائم سکیل فوری دیا جائے، تمام اساتذہ تنظیمیں اساتذہ کے حقوق کیلئے متحد ہو کر 4 نومبر کو احتجاج کریں گی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے ایجوکیٹرز کو ریگولر کرنے کی سمری مسترد کر دی، کابینہ کمیٹی نے معاملہ پبلک سروس کمیشن کو بھجوانے کی تجویز دے دی۔ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے سمری بھجوائی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ پنجاب بھر میں کنٹریکٹ پر تعینات 50 ہزار ایجوکیٹرز کو مستقل کر دیا جائے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب بھر سے سینکڑوں کنٹریکٹ اساتذہ نے اپنی غیر مشروط ریگولرائزیشن کے لئےپریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا بھی دیا تھا ۔شرکاء کا کہنا تھا کہ سیکنڈری سکول ایجوکیٹرز کسی صورت پبلک سروس کمیشن پنجاب کے انٹرویو میں نہیں جائیں گے، ہمیں پرفارمنس پر مستقل کیا جائے ۔