علی رامے: آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے پولیس کو12 کروڑ روپے کے فنڈزجاری، رقم ڈیوٹی پرتعینات اہلکاروں کے کھانے پینے، رہائش اوردیگر اخراجات کے لیے استعمال ہوگی، آئی جی پنجاب نے حکومت سے چوبیس کروڑ روپے کے فنڈز کی ڈیمانڈ کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کی مد میں نہ صرف وفاق بلکہ پنجاب حکومت کوبھی اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا، اب پنجاب بھر سے اہلکاروں کے کھانے پینے، رہائش، تیل اوردیگر سکیورٹی آلات کے کرایوں کی مد میں اخراجات ہوں گے، پنجاب بھرکی فورس آزادی مارچ کے حوالے سے صوبے بھر میں تعینات کردی گئی ہے۔
جبکہ بیشتراضلاع میں پنجاب کانسٹیبلری سے بھی ریزرویں منگوائی گئی ہیں، فورس کے اخرجات کی مد میں آئی جی پنجاب نے حکومت سے چوبیس کروڑ روپے جاری کرنے کی استدعا کی جس پرمحکمہ خزانہ پنجاب نے ابتدائی طور پر بارہ کروڑ روپے کا اجرا کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی آمد پر بھی پنجاب پولیس نے دو کروڑ روپے کے اخراجات کیے جس کے لئے انہیں ابھی تک فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔