ملک بھر میں تاجر برادری کی شٹرڈاؤن ہڑتال

29 Oct, 2019 | 11:25 AM

Shazia Bashir

سٹی42:  تاجر تنظیمیں حکومت کیخلاف متحد، ملک بھر میں آج اور کل شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان، شہر کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی، انجمن تاجران نعیم میر گروپ، قومی تاجراتحاد، بزنسمین فرنٹ، پروگریسو نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ شبر زیدی طفل تسلیاں دینا بند کریں، لاہور چیمبر آف کامرس کی بھی کھل کر تاجروں کی حمایت۔

تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملک بھر میں دوروز  شٹرڈاؤن ہڑتال کا بگل آخر بج گیا۔ اندرون شہر کی  مارکیٹیں ، بازار، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم مارکیٹ، اکبری منڈی، سرکلر روڈ کی  مارکیٹیں ، اکبری منڈی، لنڈا بازار، لوہے کی  مارکیٹیں ، بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ، اردو بازار، انارکلی بازار، ہال روڈ، مال روڈ، بیدن روڈ، گنپت روڈ، نیلا گنبد  سایئکل مارکیٹ ، منٹگمری مارکیٹ، میکلوڈ روڈ مارکیٹ، پان منڈی، سلائی مشین مارکیٹ، بلال گنج مارکیٹ، رنگ محل سوہا بازار، برانڈرتھ روڈ وملحقہ  مارکیٹیں ، حفیظ سنٹر، اچھرہ بازار، فیروز پور روڈ بورڈ، شہر کی تمام صرافہ مارکیٹس، موچی گیٹ مارکیٹ، سوتر منڈی اور بازار بھی بند رہیں گے۔

باغبانپورہ بازار، دھرم پورہ، ایم ایم عالم روڈ، اقبال ٹاون کریم مارکیٹ، مغلپورہ بازار، ماڈل ٹاون لنک روڈ، شالیمار لنک روڈ، برکت مارکیٹ، گلبرگ مین مارکیٹ، اوریگا سنٹر، پیس شاپنگ مال جزوی طور پر کھلی رہیں گے جبکہ شہر کی چاروں سبزی منڈیاں سنگھ پورہ، بادامی باغ ملتان روڈ اور کاہنہ کاچھا کھلیں گی۔ ٹولنٹن مارکیٹ اور مچھلی منڈی میں کاروبار معمول کے مطابق ہوگا۔

کینٹ بورڈ کی ستاون مارکیٹس کی انجمن تاجران کی جانب سے ہڑتال جبکہ تحریک انصاف سے منسلک تاجران کا دوکانیں کھلی رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔شہر کی تمام ہول سیل مارکیٹس میں دوروزہ  شٹرڈاؤن ہڑتال ہو گی جبکہ شہر کے فوڈ پوائنٹس،  میڈیکل سٹورز اور گلی محلوں کی کریانہ شاپس کھلی رہیں گی۔

ضلعی انتظامیہ اور ایجوکیشن اتھارٹی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شہر میں ہڑتال سے قبل سکولوں میں بچوں کی حفاظت کیلئے چھٹیوں کا فیصلہ کرنے میں ناکام رہی، ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سکولوں کو آج اور کل اکتوبر کو سرکاری طور پر بند رکھنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تمام سکول معمول کے مطابق کھلیں گے اور شیڈول کے مطابق مقررہ وقت پر ہی چھٹی ہوگی۔
 

مزیدخبریں