17 سال تک مردہ سمجھا جانے والا قتل کیس کا ملزم گرفتار

29 Nov, 2024 | 04:11 PM

جمال الدین: مردہ ملزم 17 سال بعد زندہ ہو گیا سترہ سال تک مردہ سمجھا جانے والا قتل کیس کا ملزم عرفان عرف راجہ گجر کراچی سے گرفتار ہو گیا, ملزم ایک جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے پیچھے سترہ سال تک چھپا رہا, کہانی سن کر عدالت بھی حیران رہ گئی، انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم کو 6 دسمبر کو زندہ ہونے کی تصدیق کے لئے طلب کر لیا۔

  تفصیلات کے مطابق ملزم عرفان عرف راجہ گجر 17 سال جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے پیچھے چھپا رہا عدالتیں اور کچھ پولیس افسران ملزم کو مردہ سمجھتے رہے، ملزم کیخلاف 2007 میں تھانہ ہربنس پورہ میں قتل کا مقدمہ درج ہوا۔
پولیس نے ملزم عرفان عرف راجہ گجر کو ایک اطلاع پر کراچی سے گرفتار کر لیا اور لاہور منتقل کیا، تفتیشی افسر ذیشان نے ایک اطلاع پر 2022 میں ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ کیا ملزم کے ساتھیوں نے پولیس مقابلہ اور ملزم فرار ہو گیا، تھانہ ہربنس پورہ میں پولیس مقابلہ کا بھی مقدمہ درج ہوا ۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس پر سماعت کی عدالت نے زندہ ہونے کی تصدیق کے لئے ملزم کو جیل سے 6 دسمبر کو طلب کر لیا۔

 عدالت میں ملزم علی نواز عرف بھولا سمیت دیگر کیخلاف پولیس مقابلہ کا کیس زیر سماعت ہے، ساتھی ملزمان نے تفتیشی افسرذیشان پر مردہ کو اشتہاری ظاہر کرنے اور گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے اور جعلی پولیس مقابلہ کا الزام لگایا، تفتیشی افسر پولیس مقابلہ کیس کا مدعی ہے۔

عدالت میں تفتیشی افسر کی فوت ہونے والے ملزم کو اشتہاری قرار دینے اور چھاپہ مارنے پر سرزش ہوئی اور اس کوشو کاز نوٹس جاری ہوا کہ مرنے والے کو اشتہاری کیوں ظاہر اور چھاپا کیوں مارا؟ بعد ازاں گرفتاری کا پتہ چلنے پر تفتیشی افسر نے دوبارہ پیش ہوکر بتایا کہ مرنے والا مرا نہیں ہے، ملزم کو قتل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں