ویب ڈیسک: بھارتی شہر پونے میں کرکٹ میچ کے دوران ایک کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کو گروارے سٹیڈیم میں میچ کے دوران 35 سالہ کھلاڑی کو دل کا دورہ پڑا جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ عمران پٹیل نامی بیٹر اننگز کا آغاز کرنے کے لیے گراؤنڈ میں بیٹنگ کے لیے آئے جس کے تھوڑی دیر بعد انہوں نے سینے اور ہاتھ میں درد کی شکایت کی ۔
بیٹر نے تھوڑی دیر بعد ایمپائر کو اپنی حالت کے بارے میں بتایا جس کے بعد انہیں پویلین میں جانے کی اجازت دے دی گئی تاہم واپس جاتے ہوئے وہ گراؤنڈ میں ہی گر گئے۔
گراؤنڈ میں موجود تمام کھلاڑی عمران پٹیل کی جانب دوڑے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بہت سے لوگوں کے لیے یہ حیران کُن بات تھی کیونکہ عمران کی صحت بہت اچھی تھی، وہ جسمانی طور پر تندرست تھے تاہم پھر بھی انہیں دل کا دورہ پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران پٹیل کی بیوی اور 3 بیٹیاں ہیں، سب سے چھوٹی بیٹی 4 ماہ کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال ستمبر میں حبیب شیخ نامی کرکٹر کی بھی پونے میں میچ کھیلتے ہوئے اسی طرح موت واقع ہوئی تھی، وہ ذیابیطس کے مریض بھی تھے۔