علی ساحی:صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کی سہولتوں کی فراہمی میں تیزی ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ خدمات سے فائدہ اٹھایا۔
ترجمان کے مطابق ان 24 گھنٹوں کے دوران 10 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے جبکہ 15 ہزار 344 شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ اسی طرح 12 ہزار 500 سے زائد شہریوں نے اپنے لرننگ اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی۔ علاوہ ازیں، 181 سے زائد شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بھی حاصل کیے، جبکہ 100 سے زائد شہریوں نے گمشدہ لائسنس کی دوبارہ فراہمی کا عمل مکمل کیا۔
ایڈیشنل آئی جی مرزا فاران بیگ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانا ایک جرم ہے اور اس پر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی ہدایت دی تاکہ وہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔