کھیلوں کے شوقین افراد کیلئے بری خبر

29 Nov, 2022 | 06:40 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک: انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث شہر کے واحدکھیل کے میدان میں گندہ پانی بھر آیا، میدان سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی چوری کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاکھوں کی آبادی والے شہر پھول نگر کا واحد کھیل کا میدان جو کہ ( الحیات اسٹیڈیم) کے نام سے مشہور ہے، انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکا ہے، پہلے تو بلدیہ کی وجہ سے گراؤنڈ میں گٹروں کا گندہ پانی بھر گیا تاہم رہی سہی کسر چوروں اور نشیئوں نے پوری کر دی، گراؤنڈ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔اس معاملے میں انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

 قومی کرکٹر رانا فہیم اشرف نے الحیات اسٹیڈیم سے کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔اس کھیل کے میدان کو نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فنڈز اکٹھےکر کے آباد کیا تھا جس میں قومی کرکٹر فہیم اشرف نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، لیکن انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث  وقفے وقفے سے لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان اسٹیڈیم سے چوری ہوتا گیا جس میں لائٹس، جنریٹر کا سامان، قیمتی تاریں وغیرہ شامل ہیں۔

ضلعی اسپورٹس افسران کی نا اہلی کے باعث نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہے، بیشتر نوجوان پہلے ہی کھیلوں کا میدان چھوڑ کر ویڈیو گیمز ، اسنوکر کلبز اور دیگر نشے کی لت میں لگے دکھائی دیتے ہیں۔

مزیدخبریں