ویب ڈیسک: کراچی میں واقع شمسی سوسائٹی کے گھر میں ماں سمیت 3 بیٹیوں کی لاشیں ملی جبکہ گھر میں موجود ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں ملا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے الفلاح تھانے کی حدود میں واقع شمسی سوسائٹی کے ایک گھر میں پر تشدد کا خوفناک واقع پیش آیا جہاں خاتون اور اس کی 3 بیٹیوں کی خون میں لت پت لاشیں ملی، جبکہ ایک مرد شدید زخمی حالت میں ملا جسےاسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ مقتولین کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا جبکہ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کورنگی ساجد امیر سدوزئی کا کہنا ہے کہ واقعہ مقتول خاندان کا اندرونی معاملہ ہےاور مبینہ طور پر زخمی ہونے والا شخص ہی 4 افراد کے قتل کا ملزم ہے، کیونکہ واردات کے بعد جب پولیس مقتولین کے گھر پہنچی تو کمرے کی کنڈی اندر سے بند تھی جس سے شبہ ہے کہ یہی ملزم اصل واردات کرنے والا ہے۔
ساجد امیر سدوزئی کے مطابق مقتولین کا خاندان اس علاقے میں پہلی منزل پر کرائے پر مقیم تھا، ملزم فواد مصالحہ کمپنی میں سیلز منیجر ہے جس نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور تین بچیوں کو قتل کر کے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔مقتولین میں ملزم فواد کی اہلیہ اور اس کی تین بچیاں شامل ہیں۔