ویب ڈیسک : وزیراعظم شہبازشریف کا چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون، وزیراعظم شہبازشریف نے جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے، پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔
مادر وطن کے تحفظ وسلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالی آپ کو مدد و رہ نمائی فراہم فرمائے۔ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کومیسر رہے گا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیک تمناﺅں کے اظہار اور مبارک باد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔