(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈیوں میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے جس سے پاکستان میں یکم دسمبرسے پٹرول ڈیزل سستا ہونے کی امید پیدا ہوگئی۔
ڈبلیو ٹی آئی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 2.18 فیصد کمی کے بعد خام تیل کی قیمت 76.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، برنٹ آئل مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمت 2.13 فیصد کم ہوئی جس کے بعد برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل 83.63 ڈالر فی بیرل فروخت ہورہا ہے۔
قدرتی گیس کی قیمتیں میں بھی مسلسل کمی کا رحجان جاری ہے، عالمی مارکیٹ میں گیس نرخ میں 4.04 فیصد تک کمی رہی ہے جس کی وجہ سے قدرتی گیس کی قیمت 7.02 فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
دوسری جانب بروس سے سستا تیل اور گیس خریدنے کے جتن میں پاکستانی وفد مذاکرات کیلئے ماسکو پہنچ گیا، روسی حکام سے مذاکرات کیلئے پاکستانی وفد کی سربراہی وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کررہے ہیں۔ دونوں ممالک پہلی بار گیس معاہدے پرمذاکرات کریں گے، پاکستان روس سے بھارت کو دی جانے والی قیمت پر ماہانہ تین سے پانچ ایل این جی کارگو حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پر کام جلد شروع کرنے سے متعلق بھی بات ہوگی۔
واضح رہے کہ دو ماہ سے عالمی منڈیوں میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے تاہم پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا گیا۔