سعودی عرب کے لئے نئے قرنطینہ پیکجز آگئے

29 Nov, 2021 | 08:14 PM

Imran Fayyaz

( ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں مختلف شہروں کے ہوٹل قرنطینہ کے پیکجز مختلف ہیں اور مسافر فضائی ٹکٹ کے پی این آر نمبر کی بنیاد پر پیکج بک کروا سکتے ہیں ،مختلف ایئر لائنز نے اپنی ویب سائیٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے قرنطینہ پیکجز بک کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
 پی آئی اے  نے قرنطینہ پیکجز کے لیے اپنی ویب سائٹ پر پورٹل فراہم کیا ہے جس میں مسافر آمد کے وقت شہر اور تاریخ درج کرنے کے بعد   تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹل  منتخب کر سکتے  ہیں۔ جدہ اور دمام کے تھری سٹار ہوٹل قرنطینہ پیکج 1825 سعودی ریال جبکہ فائیو سٹار ہوٹل میں پانچ دن کا قرنطینہ پیکج 3050 سعودی ریال  ہے۔ 
پی آئی اے کے مطابق مدینہ میں تھری سٹار ہوٹل قرنطینہ پیکج 2225 سعودی ریال جبکہ فور سٹار ہوٹل قرنطینہ پیکج 3125 سعودی ریال ہے۔  ریاض میں 1650 سعودی ریال میں قرنطینہ پیکج بک کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ 
ان تمام پیکجز میں ائیر پورٹ سے ہوٹل تک یکطرفہ ٹرانسپورٹ، رہائش، تین وقت کا کھانا اور دو کورنا پی سی آر ٹیسٹ شامل ہیں۔پہلا کورونا پی سی آر ٹیسٹ ہوٹل پہنچنے پر جب کہ دوسرا قرنطینہ کے پانچ روز مکمل ہونے کے بعد لیا جائے گا۔

 دوسری جانب سعودی عرب میں حکومت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین لگوانے والے غیر ملکی عمرہ زائرین کو سعودی عرب میں آمد کے ساتھ ہی بغیر کسی قرنطینہ کے عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی مگر ایسے افراد جنہوں نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے منظور شدہ ویکسین لگوائی ہوئی ہے انہیں عمرہ کی ادائیگی سے قبل تین دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔

مزیدخبریں