قذافی بٹ: شہر لاہور میں سبزیوں کی فصلوں کو گندے پانی سے سراب کرنے کا حکومت نے اعتراف کرلیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں سبزیوں کی فصلوں کو سراب کر نے والے علاقوں کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مضافاتی علاقوں میں کاشتکار اپنی فصلوں کو سراب کر نے کے لئے گندے نالوں کے پانی کا استعمال کر رہے ہیں۔لاہور کے گیارہ مضافاتی علاقوں میں گندے نالوں کا پانی فصلوں کی آبیاری کے لئے استعمال ہو رہا ہے، ایوان میں داخل کیے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ ہلوکی، گجومتہ، کچوانہ بستی دلو خورد، چندرائے، دیو ثانی، ہڈیارہ، نور پور، گاگا، کھرملیاں اورجھلیاں میں سبزیوں کی فصلیں گندے نالوں کے پانی سے سراب کی جا رہی ہیں۔
مزکورہ علاقوں میں مجموعی طور پر 284 ایکڑ رقبہ گندے پانی سے سراب کیا جا رہا ہے۔ ایوان میں محکمہ زراعت نے ایوان میں بتایا کہ کسانوں کو گندے پانی سے فصلوں اور سبزیوں کی کاشت سے منع بھی کیا جاتا ہے۔ جبکہ گندے پانی سے سبزیوں کو کاشت سے روکنے کی ذمے داری پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہے۔