سٹی42: پاکستان کے چلچلاتی دھوپ میں جھلستے عوام کا بدھ کے روز ہیٹ ویو کا ایک اور خون رُلا دینے والا دن بھگتنا پڑا، کراچی سمیت کہیں بھی بارش نہ ہوئی، لاہور اور کراچی میں ٹمپریچر آج بھی انسانوں اور پرندوں کی عمومی برداشت سے زیادہ رہا۔ جمعرات کے روز بھی بارش اور بادل کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا اور کہا جا رہا ہے کہ شدید درجہ حرارت آج بھی برقرار رہے گا۔
کراچی میں جہاں محکمہ موسمیات نے 28 اور 29 مئی کو بارشوں کی نوید سنائی تھی، آج درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ گیا جو اس پورٹ سٹی کے عمومی درجہ حرارت سے بہت زیادہ تھا اور شہریوں کے لئے نا قابل برداشت تھا۔
محنت کشوں کے کڑاکے نکل گئے
لاہور میں کڑکتی دھوپ نےشہریوں کے کڑاکے نکال دیئے۔درجہ حرارت48ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ کھلے ماحول میں کام کرنے پر مجبور شہریوں کا پسینے سے برا حال رہا اور گرم ہوا میں سانس لینا محال رہا۔ ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک سے متاثرہ سینکڑوں مریض پہنچے۔
کڑکتی دھوپ نے کام کاج کی ضروریات کے لئے کھلی دھوپ میں نکلنے والے شہریوں کو نڈھال کر دیا۔ لاہور میں آج سیزن کا ایک اور گرم ترین دن تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں پارہ 46 ڈگری کو چھو گیا جبکہ غیر سرکاری موسمیاتی ذرائع کے مطابق آض درجہ حرارت دوپہر دو بجے کے بعد 48 ڈگری سیلسئیس تک گیا۔
گرمی کی یہ لہر کب تک؟
موسم کے ماہرین اب کہہ رہے ہیں کہ نہ صرف آج کل اور پرسوں، بلکہ آئندہ ہفتے بھی شہر میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
آج جمعرات کے روز شہر میں آندھی آنے کا امکان ہے مگر ماحول میں موجود تپش آندھی کے بعد بھی برقرار رہے گی۔
ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک کے متاثریں کی فوری امداد کا انتظام
شہر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک سے متاثرہ سینکڑوں مریض رپورٹ ہوئے۔ ہیٹ سٹروک سے متاثر افراد ہو ہسپتال پہنچتے ہی فوری طبی امداد دینے کے لئے جناح ہسپتال میں ہیٹ سٹروک کاونٹر قائم کردیا گیا۔ اس کاؤنٹر پر متاثرہ افراد کو فوری طور پر جسم ٹھنڈا کرنے اور ضروری امداد فراہم کرنے کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔
گوہر اعجاز کی مریضوں اور تیمارداروں کے لئے کاوش
اوپی ڈی چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز کی کاوشوں سے واٹر کوالر ،پردے لگوا دئیے گئے۔ ہسپتال میں 24 گھنٹے اے سی فنکشنل رکھنے کا خصوصی انتظام کر دیا گیا ہے۔ مریضوں کے ساتھ موجود تیمارداروں کے لئےٹھنڈا پانی بھی دستیا ب ہے۔
"گھر میں رہو تو بہتر ہے!"
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری شدید گرمی میں بلاوجہ گھروں سےنہ نکلیں۔ گیسٹرو کی صورت میں کھانے پینے میں احتیاط کریں اور ہر صورت میں صاف پانی پیئں۔