اویس کیانی : وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین سے قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی، ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کی مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
چودھری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان طلبہ کا ڈیٹا قازقستان کے ساتھ شیئر کرے گا تاکہ تشدد کا کوئی واقعہ نہ ہو، دونوں ممالک کےمتعلقہ حکام کو سکیورٹی ڈائیلاگ کا اہتمام کرنا چاہیے۔ قازقستان کی ائیرلائن پاکستان کے ساتھ رابطے کا ذریعہ بن سکتی ہے، ہم ائیر لائن بزنس کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
سفیر قازقستان یرژان کِسٹافن کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنا مسلم ممالک کی ترجیحات میں سے ایک ہے، پاکستان اور قازقستان کے درمیان مذہبی مکالمہ پر بات چیت انتہائی ضروری ہے۔ ہم آئندہ ماہ مذہبی کانفرنس منعقد کرانے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ امید کرتے ہیں پاکستان کی کانفرنس میں شرکت سے مذہبی مکالمہ کو تقویت ملے گی، ہم قازقستان میں پاکستانی طلبہ کو دوستانہ ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں ایک فریم ورک بنا نے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان آبادی پر توجہ مرکوز کر سکیں ۔
دونوں رہنماؤ ں نے ملاقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیا ۔