سٹی42 : سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پنجاب میں درج مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست مسترد کردی گئی۔
جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی مختلف مقدمات میں ویڈیولنک کے ذریعے حاضری کی درخواست خارج کردی۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 2 روز قبل ان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، 25 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے سمیت دیگر الزامات کے تحت پنجاب بھر میں درج مقدمات میں ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی تھی۔
فواد چوہدری کے خلاف پنجاب کے مختلف شہریوں میں 36 مقدمات درج ہیں جن میں پیشی کے لیے انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست دائر کی تھی،اس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ فواد چوہدری کے خلاف پنجاب بھر میں 36 مقدمات درج ہیں، اس میں استدعا کی گئی کہ عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔