مریم نواز نے پتوکی میں خسرہ سے 6 بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا، سیکرٹری ہیلتھ سے فوری رپورٹ طلب

29 May, 2024 | 12:43 PM

Imran Fayyaz

 راؤ دلشاد: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پتوکی میں خسرہ سے 6 بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا، وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکرٹری ہیلتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں،کوتاہی کی ذمہ داری کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

 مریم نواز نے وزراء اور محکمہ صحت کے حکام کو فوری طور پر پتوکی پہنچنے کی ہدایت کر دی۔وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف  نے خسرہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف  نے حکم دیا کہ ہسپتالوں میں خسرہ سمیت دیگر امراض کی ویکسینیشن یقینی بنائی  جائے،روزانہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسز کو مانیٹر کیا جائے، متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت نہ کی جائے ۔

 دوسری جانب پتو کی میں خسرہ سے 6 بچوں کی موت کےمعاملہ  پرمحکمہ صحت نے  3رکنی کمیٹی کی تشکیل  کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کمیٹی میں ایم او سرویلنس, سی آپی آئی، ڈاکٹر عمر امین ،ایم اینڈ ای آفیسر ڈبلیو ایچ اے پنجاب ڈاکٹر آصف جاوید اور ڈاکٹر محسن وٹو شامل ہیں ۔
کمیٹی 24گھنٹوں میں تحقیقات کر کے صوبائی وزیر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ پتوکی اور اس کے نواحی علاقوں میں خسرے کی وبا نے 5 دن میں 6 بچوں کی جان لے لی ہے جبکہ مزید 6 کی حالت تشویشناک ہے۔

  تفصیلات کے مطابق پتوکی کے نواحی علاقوں میں خسرے کی مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 5 دن کے دوران 6 بچے موزی مرض کی وجہ سے دم توڑ گئے اور مزید 6 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

متاثرہ بچوں کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ پر غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے بچے جان کی بازی ہار گئے، لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے محکمہ صحت کے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں