(ویب ڈیسک) گلوکار ابرار الحق نے چاہت فتح علی خان کے نئے گانے ’بدو بدی’ کا نیا ورژن جاری کردیا۔
ان دنوں نہ صرف پاکستانی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بلکہ بھارت میں بھی چاہت فتح علی خان کے گانے ’ بدوبدی’ کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ مختلف ویڈیوز اور ریلز میں بدو بدی کے الفاظ شامل کرکے لوگ اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں تو وہی گلوکار ابرار الحق نے بھی بدو بدی کا نیا ورژن پیش کرکے ایک بار پھر لوگوں کی توجہ سمیٹ لی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گلوکار ابرار الحق کی ویڈیو زیر گردش ہے جس میں اُن سے ’ بدوبدی’ کو اپنی آواز میں گانے کی فرمائش کی گئی تھی، ساتھی افراد کی پرزور فرمائش پر ابرار الحق کو چاہت فتح علی خان کے وائرل گانے ‘بدو بدی‘ کو گاتے سنا جا سکتا ہے جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی وہیں صارفین کی جانب سے ابرار الحق کیلئے مکمل گانا گانے کی فرمائش سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا صارفین کا گلوکار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ’ہم آپ کی آواز میں مکمل گانا سنناچاہتے ہیں جبکہ کئی صارفین کی جانب سے ابرار الحق کے ورژن کو چاہت فتح کے ورژن سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس گانے کو اصل میں میڈم نور جہاں نے فلم بنارسی کیلئے گایا تھا جبکہ اس کی کمپوزیشن بخشی وزیر صاحب نے ترتیب دی تھی۔
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان کا یہ گانا گزشتہ ماہ ریلیز ہوا تھا جوکہ اب تک یوٹیوب پر 21 ملین ویوز حاصل کرچکا ہے ۔ یہ گانا ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں بھی ٹرینڈ کررہا ہے جبکہ متعدد ہندوستانی اور پاکستانی مشہور شخصیات اس گانے کو اپنی آواز میں گا چکے ہیں جن میں گرو رندھاوا، بی پراک، دلجیت دوسانجھ اور دیگر شامل ہیں۔