پیش گوئیاں دھری کی دھری رہ گئیں، ہیٹ ویو برقرار, 11 شہروں میں ٹمپریچر 50 ڈگری، لاہور میں آج پارہ 48 ڈگری تک جائے گا

29 May, 2024 | 01:02 AM

سٹی42: میٹرلوجیکل ڈیپارٹمنٹ  کی طوفانی بارشوں کی پیش گوئیاں دھری کی دھری رہ گئیں، سورج کو  لاہوریوں پر رحم نہ آیا،  28  مئی لاہور میں اس سال کا دوسرا گرم ترین دن نکلا۔ 

شہر میں ٹمپریچر  46 ڈگری سیلسئیس تک پہنچ گیا جبکہ کم سے کم ٹمپریچر بھی بڑھ کر  30 ڈگر تک پہنچ گیا۔  صبح سورج نکلنے کے کچھ دیر بعد ہی شہر  کے ماحول میں حدت ناقابل برداشت ہونے لگی، دوپہر دو بجے تک ٹمپریچر بڑھتے بڑھتے  46 ڈگری سیلسئیس تک پہنچ گیا۔

لاہور میں اس سال  کا گرم ترین دن  21 مئی تھا جب ٹمپریچر  47 ڈگری تھا۔ 

میٹ ڈیپارٹمنٹ نے کل اور ایک دن پیشتر  پیش گوئیاں کی تھیں کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم  ملک میں داخل ہونے کے سبب  28  مئی سے یکم جون تک کراچی سے لے کر گلگت بلتستان تک  کہیں کہیں بارشیں، کہیں طوفان باد و باراں اور کہیں آندھیاں آئیں گی اور ان پانچ دنوں کے دوران ٹمپریچر قدرے گر جائے گا۔  28 مئی کو  لاہور کے حصہ میں شدید تپش کے سوا کچھ نہ آیا۔

منگل کے روز  11 شہروں میں ٹمپریچر 50 ڈگری سے اوپر چلا گیا

منگل کے روز   کئی شہروں میں ٹمپریچر  پچاس ڈگری سیلسئیس سے اوپر چلا گیا۔  جیکب آباد میں  52 ڈگری، دادو،  لاڑکانہ اور  موہنجوداڑو میں ٹمپریچر  51 ڈگری ، رحیم یار خان، سبی، سکھر، شہید بینظیر آباد، خانپور، بھکر اور  خیرپور میں ٹمپریچر  50 ڈگری سیلسئیس ریکارڈ کیا گیا۔  بہاولنگر، روہڑی، پڈعیدن میں درجہ حرارت 49 ڈگری، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ، جھنگ، قصور، خانپور۔ کوٹ ادو، ملتان، نور پور تھل، سکرنڈ  10 شہروں میں پارہ   48ڈگری سینٹی  گریڈ تک پہنچا۔

موسم کے بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور  اور پنجاب کے ہیٹ  ویو  کی زد میں آئے ہوئے دیگر علاقوں میں ہاٹ سپیل جون کے وسط تک جاری رہے گا۔

موسم کے ماہرین نے منگل کی طرح آج بدھ کے روز بھی ہیٹ ویو  کی شدت برقرار رہنے اور ٹمپریچر  47 سے  48  ڈگری سیلسئیس تک جانے  کی پیش گوئی کی ہے۔

مزیدخبریں