(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرا طلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے ٹوئٹ پر کہاہے کہ پروپیگنڈا نہ کرو، ثبوت دو، ورنہ زبان بند کرو، یہ بڑا سنگین الزام ہے جسے ہم کسی صورت برداشت کر سکتے ہیں نہ کریں گے، یہ پی ٹی آئی کا بلیک میلنگ اور بے حسی کا دور نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ "مرد روبوٹ نہیں ہوتے" کہنے والا اور لباس کی وجہ سے خواتین اور کم سن بچیوں پر حملوں کی وکالت کرنے والا سندیافتہ جھوٹا 9 مئی کے سانحے پر عوامی ردعمل پر مظلوم بننے کا نیا جھوٹ گھڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کاکہناتھا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے انصاف کی متلاشی طیبہ گل کو اغوا کیا،وزیراعظم ہاو¿س میں حبس بے جا میں رکھا، اس کے دیئے ثبوت پر چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا۔
ان کاکہناتھا کہ خواتین صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی کی انتہا کی، ان کے بارے میں کہاکہ انہیں "مردوں میں گھسنے کا شوق ہے۔"
مریم اورنگزیب کامزید کہناتھا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور دنیا کو گمراہ کرنے کا یہ اوچھا ہتھکنڈہ بھی سائفر اور دیگر ڈراموں کی طرح فلاپ ہوگا، ان کاکہناتھا کہ پروپیگنڈا نہ کرو، ثبوت دو، ورنہ زبان بند کرو، یہ بڑا سنگین الزام ہے جسے ہم کسی صورت برداشت کر سکتے ہیں نہ کریں گے، یہ پی ٹی آئی کا بلیک میلنگ اور بے حسی کا دور نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹھوس ثبوت کے بغیر ایسا سنگین الزام صرف آپ جیسا 'میڈیا پریڈیٹر' ہی لگا سکتا ہے جو ہر روز جھوٹ بولتا اور جعلی وڈیوز اور فوٹوز جاری کرتا پکڑا جاتا ہے۔