پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے وزیر خزانہ نے بری خبر سنادی

29 May, 2022 | 10:19 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے ایک اور بری خبر،  وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیدیا۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی مزید ختم کی جائے گی،  پٹرولیم سبسڈی پر فیصلے میں تاخیر سے قومی خزانے کو 135 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

روس کے ساتھ تیل کے سستے معاہدے کے حوالے سے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے روس سے کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا، حماد اظہرکے خط کا ماسکو سے کوئی جواب نہیں آیا تاہم نئی حکومت روس سے گندم لینے کی کوشش کرے گی اور روس نے کوئی راستہ نکالا تو سستا تیل بھی خریدا جائے گا۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جون میں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے گا، تین ارب ڈالرز آئیں گے، ایک ارب ڈالرز سے زیادہ ورلڈ بینک سے بھی مل جائیں گے۔

مزیدخبریں