وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت 5 اشیاء پر سبسڈی میں توسیع کی منظوری

29 May, 2022 | 10:01 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے بی آئی ایس پی پروگرام  کے لیے 24 ارب روپے کی گرانٹ اور وزیراعظم ریلیف پیکج کےتحت 5 اشیاء پرسبسڈی میں توسیع کی منظوری دیدی گئی۔ 

اسلام آباد میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا۔اجلاس  میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کےدومنصوبوں کی تعمیرمیں توسیع کی منظوری دی گئی،  منصوبوں میں توسیع کا مقصدچین سے 38کروڑ 30 لاکھ  ڈالر قرض یقینی  بنانا ہے۔

ای سی سی نے پام آئل کی درآمد پر2 فیصد ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم کرنےکی منظوری بھی دے دی،  پام آئل کی درآمد پرڈیوٹی ختم کرنےکی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔ای سی سی نے صوبوں سے گندم کی ضروریات کا تخمینہ بھی طلب کرلیا ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیےکے مطابق  ای سی سی نے  30 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دے دی ہے،  20 لاکھ میٹرک ٹن گندم حکومتی سطح پر درآمد کی جائے گی اور 10 لاکھ ٹن گندم بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعےخریدی جائےگی۔

اعلامیے کے مطابق  وزارت توانائی کے لیے 62 ارب 27 کروڑ روپےکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی، امن و امان کے لیے 10کروڑ 78 لاکھ روپےکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی، بی آئی ایس پی پروگرام  کے لیے 24 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے، وزیراعظم ریلیف پیکج کےتحت 5 اشیاء پرسبسڈی میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔

مزیدخبریں