( سعود بٹ ) پاکستان کے عوام کورونا کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے سازش سمجھ رہے ہیں، طیارہ حادثہ کے ذمہ داران کو نہیں چھوڑا جائے گا، گورنر پنجاب چودھری سرور کی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والی ایئر ہوسٹس کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ائیر ہوسٹس انعم خان کے گھر فاتحہ خوانی کیلئے دھرمپورہ پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو میں چودھری سرور نے کہا کہ فیملی کے مطابق شہید انعم خان روزہ سے تھیں، فیملی انکی شہادت پر فخر کرتی ہے، مرحومہ گھر کی بیٹی نہیں، بیٹے کا کرداد ادا کر رہی تھیں۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ خاندان کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ تمام بہن بھائیوں اور فیملی کے مسائل پر نظر رکھیں گے۔ طیارہ حادثہ تحقیقات پر انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں بین الاقوامی ماہرین شامل ہیں، ذمہ داروں کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، سڑکوں پر ایسا لگتا ہے جیسے ہمارے لوگ کورونا کو شکست دے کر جشن منا رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن میں نرمی اس لئے لائی گئی کہ کہیں لوگ بھوک سے نہ مر جائیں۔
لاک ڈاؤن کے باوجود میڈیا ٹاک کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی کوشش کی ہے کہ سماجی فاصلہ کی پالیسی پر عمل کریں، خود تو پریس کانفرنس بھی نہیں کرتا، آج فاتحہ خوانی کیلئے آیا تو رش پڑ گیا۔