(عابد چوہدری ) لاک ڈاؤن کے دوران رشوت دو ریڑھی لگاؤ، راوی روڈ میں پولیس اہلکار ریڑھی بانوں سے رشوت وصول کرتا رہا، خبر نشر ہونے پر اہلکار افضل کو معطل کردیا گیا۔
پولیس اہلکار کی رشوت وصولی کی وڈیومنظرعام پرآگئی، ویڈیو میں اہلکار افضل کو ریڑھی بانوں سے رشوت لے کر جیب میں ڈالتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار رشوت لے کر ریڑھی لگانے پر تنگ نہیں کرتے۔
خبر نشر ہونے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکار افضل کو فوری طور پر معطل کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز واقعے کی مکمل انکوائری کریں گے۔
سندر انویسٹی گیشن پولیس نےغیرت کے نام پر بیوی کو قتل کرنے والے شوہرجاوید جٹ کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔
ایس پی صدر انویسٹی گیشن منصورقمر کے مطابق سندر انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیرت کے نام پر اپنی بیوی کومل شہزادی کو بےدردی سے قتل کرنے والے شوہر جاوید جٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ملزم جاوید جٹ نے چند روز قبل 30 سالہ مقتولہ کومل شہزادی کے سرپر ہتھوڑے مار کر شدید زخمی کر دیا تھا جبکہ ملزم تشدد کے بعد مقتولہ کو شدید زخمی حالت میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
کومل شہزادی 4 روز جناح ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم جاوید جٹ نے اپنی بیوی کومل شہزادی کو ناجائز تعلقات کے شبہ پر قتل کیا تھا۔