سکول بند رہنے تک فیسوں میں20فیصد کمی رہے گی:سی ای او ایجوکیشن

29 May, 2020 | 04:12 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں20 فیصد کمی کامعاملہ پرسی ای او ایجوکیشن پرویز اخترخان کا کہنا ہےکہ کورونا کی وجہ سےجب تک سکول بند ہیں فیسوں پر بیس فیصد رعایت رہےگی۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کےمطابق جون میں بھی نجی سکول فیسوں پربیس فیصد رعایت دینگے،آرڈننیس کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی وباکےدوران فیسوں کے حوالے سے ہدایات دینےکی مجازہے،ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کےمطابق والدین سکولوں سےبیس فیصد کمی والے وواچرلیں، والدین فیسوں کے حوالےسےشکایت کی صورت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سےرابطہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے فیسوں میں 20 فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت کورونا وائرس کی وجہ سے فیس میں 20 فیصد کمی نہ کرنے والے سکولز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے مئی اور جون کے مہینے کیلئے فیس میں 20 فیصد کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹی فکیشن تمام قانونی تقاضے اور قانون دانوں سے مکمل رائے لینے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق تمام سکولز کورونا وائرس کی وجہ سے فیس میں 20 فیصد رعایت کریں گے جبکہ فیس میں کمی نہ کرنے والے سکولز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کی کاپی پنجاب کے تمام سی ای او اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی جاری کی گئی۔

صوبائی وزیر تعلیم  مراد راس کا کہنا تھاکہ والدین 04299205101 پرکال کر کے اپنی شکایت درج کراسکیں گے، شکایت صبح 9 بجےسے سہ پہر 4بجے تک درج کرائی جاسکےگی، ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی سکول انتہائی ذمہ دار ہیں، انہوں نے شکایات سے پہلے ہی  فیس میں کمی کردی ہوگی۔

دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے افسران و ملازمین کو چھٹیوں کے دوران موبائل بند رکھنے پر پابندی لگادی، اسٹیشن سے باہر جانے سے قبل بھی افسران کو اتھارٹی سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سکول ایجوکیشن  ڈیپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین نے چھٹی کے ساتھ ساتھ موبائل بھی بند کر دیئے جس پرمحکمہ سکول ایجوکیشن نے نوٹس لے لیا۔

مزیدخبریں