کورونا وائرس کے وار تیز،اہم شخصیات سمیت مزید 51جانیں نگل گیا

29 May, 2020 | 03:37 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: کورونا وائرس کے وار تیز،2 ڈاکٹرز ،پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کےجنرل مینیجر فنانس آصف سہیل ، ریڈیو پاکستان کے 2 ملازمین سمیت 51 افراد کی جانیں نگل گیا۔

 ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 51 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1334 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 64028 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 432 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 396 اور پنجاب میں 410 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 60 ، اسلام آباد 22، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

 لاہور کے نجی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ثناءفاطمہ کورونا وائرس سے انتقال کر گئیں ہیں ۔39 سالہ ڈاکٹر ثناءفاطمہ پیتھالوجسٹ تھیں اور ان کا کچھ دن قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انہیں ہسپتال داخل کیا گیا ، ان کے علاج کیلئے مسلسل پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی لیکن ان کو پلازمہ نہیں مل سکا اور حالات زیادہ خراب ہونے کے باعث آج وہ انتقال کر گئیں ہیں ، ڈاکٹر ثناءفاطمہ کو اگر پلازمہ مل جاتا تو ان کی جان بچائی جا سکتی تھی ۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں سینئر ماہر نفسیات ڈاکٹر نعیم اختر بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں ۔ صدر پی ایم ڈاکٹر زاہد جعفری نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے اور کہاہے کہ پی ایم اے آج یوم سیاہ منائے گا ۔

 پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کےجنرل مینیجر فنانس آصف سہیل کورونا وائرس سے انتقال کرگئے،محکمہ صحت پنجاب  کے مطابق 68 برس کے آصف سہیل میں 6 روزقبل کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو انہوں نے کورونا ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر آصف سہیل کو پاکستان لیور اینڈ کڈنی انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک تھی اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔ آصف سہیل 8 سال سے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

ادھر ریڈیو پاکستان کے مطابق ادارے کے دو ملازمین سینئر براڈ کاسٹ انجنیئر محمد اشفاق اور خاتون اردو نیوز کاسٹر ہما ظفر کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

مزیدخبریں