گلوکار علی ظفر اور میشا شفیع کیس میں اہم پیشرفت

29 May, 2019 | 11:42 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( جمال الدین ) ہراسگی سے متعلق کیس میں گلوکار علی ظفر کے چار گواہوں پر گلوکارہ میشا شفیع کے وکلاء کی جرح مکمل، سیشن عدالت نے دیگر گواہان پر جرح کے لیے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے میشا شفیع کے خلاف دائر ہرجانہ کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار گلوکار علی ظفر کے گواہوں نے بتایا کہ وہ گانے کی ریہرسل کے دوران موجود تھے، وہاں میشا شفیع کو ہراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، الزامات بے بنیاد ہیں۔ 2 خواتین سمیت علی ظفر کے 4 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل ہوگئی جبکہ دیگر 4 گواہوں پر جرح کیلئےعدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

علی ظفر کے 5 گواہ کراچی سے جبکہ 3 لاہور سے سیشن عدالت پیش ہوئے، میشا شفیع کے وکلاء نے ہڑتال کے باعث ایک دن کی مہلت مانگی جبکہ علی ظفر کے وکلاء نے کہا کچھ گواہان کراچی سے آئے ہیں، بلا وجہ کیس کو لٹکانا مناسب نہیں جس پر عدالت نے مہلت نہیں دی۔ عدالتی وقت ختم ہونے تک 2 خواتین سمیت 4 گواہان کے بیانات پر جرح ہوئی، گواہوں کے بیانات میں کوئی تضاد سامنے نہیں آیا۔

گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر گانے کی ریہرسل کے دوران ہراساں کرنے کا الزام لگایا، جس پر علی ظفر نے اس کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جبکہ گواہوں نے میشا شفیع کے الزامات کو بے بنیاد قراردے دیا ہے۔ مزید کارروائی کل 10 بجے تک موخر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں