عرفان ملک :پنجاب میں منشیات فروشوں کے سرکاری سہولت کار کون ؟پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کے نام سامنے آگئے۔
لاہور کے 30 پولیس ملازمین منشیات فروشوں کے سہولت کار یا براہ راست منشیات فروشی میں ملوث نکلے ۔ لاہور سمیت 10 اضلاع کے 234 افسران و اہلکاروں کا ریکارڈ مرتب کرلیا گیا۔ منشیات فروشوں کے سہولت کار 234 افسران و اہلکار کی جیو ٹیگنگ کرلی گئی۔
جیو ٹیگنگ رپورٹ کے مطابق لاہور کے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف 35 مقدمات درج ہیں۔ ملوث اہلکار بطور سب انسپکٹر ، اے ایس آئی ، کانسٹیبل اور ڈرائیور مختلف تھانوں میں تعینات ہیں۔ منشیات فروشوں کی سہولت کاری میں ملوث صرف دو اہلکار جیل میں ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے متعلقہ منشیات فروش گینگز کی تفصیل بھی رپورٹ میں شامل ہے۔ چرس ، ہیروئن ، آئس ، کرسٹل پاؤڈر جیسے خطرناک نشے کی تفصیلات بھی جیو ٹیگنگ رپورٹ کا حصہ ہیں۔ پولیس میں رہ کر منشیات فروشوں کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی۔