لاہور: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے سینیئر اداکار جاوید شیخ کے بیٹے شہزاد شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے والدین طلاق کے باوجود بھی اُن کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔
اداکار شہزاد شیخ نے حال ہی میں کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے والدین کی علیحدگی کے بارے میں کُھل کر بات کی۔شہزاد شیخ نے کہا کہ میری والدہ زینت منگی نے میری اور میری بہن مومل شیخ کی پرورش میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ والدین کے درمیان طلاق کے بعد، ہم دونوں بہن بھائی اپنی والدہ کے پاس ہی رہتے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ طلاق کے باوجود بھی میری والدہ نے کبھی ہمیں اپنے والد (جاوید شیخ) سے ملنے سے نہیں روکا، جب ہم دونوں بہن بھائی کی اسکول کی چھٹیاں ہوتی تھیں تو والدہ ہمیں والد کے پاس لاہور بھیج دیتی تھیں تاکہ ہم اپنی چھٹیاں اپنے والد اور دیگر خاندان والوں کے ساتھ گزار سکیں۔اداکار نے کہا کہ اب ہماری پوری فیملی والد کے گھر میں ہی مقیم ہے، والدہ بالائی منزل پر رہتی ہیں جبکہ والد صاحب گھر کی نچلی منزل میں رہائش پذیر ہیں۔
شہزاد شیخ نے کہا کہ میرے والدین کو آج تک پچھتاوا ہے کہ اُنہوں نے طلاق لیکر غلط فیصلہ کیا لیکن اُن دونوں کے درمیان جھگڑے آج بھی ویسے ہی ہیں جو سالوں پہلے تھے۔اُنہوں نے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر آپ کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار ہے اور آپ طلاق لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو براہِ کرم! طلاق کے فیصلے سے پہلے ایک بار اپنے بچوں کے بارے میں سوچ لیں کیونکہ والدین کی علیحدگی سے بچوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ سینیئر اداکار جاوید شیخ نے پہلی شادی زینت منگی سے کی تھی، جن سے اُن کی ایک بیٹی مومل شیخ اور بیٹا شہزاد شیخ ہے، اُن کی یہ شادی صرف تین سال تک رہ سکی اور پھر طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔
پہلی شادی میں ناکامی کے بعد ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جاوید شیخ کی ملاقات سلمیٰ آغا سے ہوئی، کچھ عرصہ بعد دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بدقسمتی سے اداکار کی یہ شادی بھی صرف تین سال تک ہی چل سکی۔