شہر میں ڈاکو بے لگام،ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار دی

29 Mar, 2024 | 10:30 AM

Imran Fayyaz

(فاران یامین) لاہور پولیس کے کرائم کنٹرول کرنے کے دعوے، وعدے  جھوٹے نکلے، متعلقہ ایس پیز صرف ٹھنڈے کمروں میں میٹنگ تک محدود،ڈاکو اسلحہ کے زور پر جسے چاہتے ہیں لوٹ لیتے ہیں، جو انکار کرتا ہے گولی مار دیتے ہیں۔

جمعرات کی شب بھی سنت نگر کے رہائشی نوجوان نے مزاحمت کی تو ڈاکووں نے گولی ماردی، زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

ڈولفن او رپیرو کا گشت بھی ڈاکوؤں کو لگام نہ ڈال سکا،کرائم میٹنگ صرف اعدادو شمار اور تصاویر سیشن تک محدود، لاہوریے ڈاکوؤں کے حوالے، ڈاکو نہ مصروف شاہراہ دیکھتے ہیں نہ سنسان گلی،، جہاں دل کرتا ہے اسلحہ نکالتے ہیں اور لوٹ لیتے ہیں،شہریوں کو مال کے بعد جان کے بھی لالے پڑ گئے۔

تھانہ اسلام پورہ کی حدود میں موبائل فون بچانا نوجوان کی سزا بن گیا،غصہ سے بپھرے ڈاکو نے مزاحمت پر نوجوان کو گولی ماردی۔ زخمی کی شناخت 22 سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی،اہل علاقہ کے مطابق عبداللہ سواء دس بجے کے قریب نماز کے بعد چند  منٹ کے لئے گھر کے باہر رکا،مسجد والی گلی میں واردات کے لئے گھات لگائے ڈاکوؤں نے موقع غنیمت جانا اور سر پر پہنچ گئے، گن تانی اور لوٹ مار شروع کر دی،عبداللہ نے موبائل بچانے کے لیے مزاحمت کی تو موٹرسائیکل سوار ایک ڈاکو نے گولی مار دی جو  عبداللہ کے پیٹ میں لگی،ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے،عبداللہ کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
 
 
 
 

مزیدخبریں