ویب ڈیسک : بھارت میں چالاک چور نالے سے 10 فٹ لمبی سرنگ کھود کر جیولری کی دکان میں داخل ہوئے اور لاکھوں روپے کے زیورات چرا کر لے گئے۔
چوری کی یہ انوکھی واردات بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ہوئی۔ جیولری شو روم کا مالک کاروبار شروع کرنے پہنچا تو دکان کھولتے ہی عجیب منظر دیکھ کر حواس کھو بیٹھا۔دکان کے اندر ایک گڑھا کھلا ہوا تھا اور شوروم سے لاکھوں مالیت کے زیوارات غائب تھے۔ یہ گڑھا دراصل 10 فٹ لمبی سرنگ کا آخری سرا تھا جسے چوروں نے دکان میں داخل ہونے کے لیے نالے سے بنایا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوروں نے اس ڈکیتی کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی اور مکمل ریکی کے بعد اسے انجام دیا۔ نالے کی کمزور دیواروں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے سرنگ بنائی گئی۔زیر زمین نالے سے ہوتے ہوئے سرنگ کو عین دکان کے بیچ کھولا گیا تھا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چوروں نے مکمل پیمائش کی ہوئی تھی۔واضح رہے کہ 2014 میں بھارت میں اسی طرح ایک سرنگ کھود کر بینک لوٹ لیا گیا تھا اور چور لاکرز میں رکھی نقدی اور زیورات لے اُڑے تھے۔