عدالت نے پولیس کو علی امین گنڈا پور کیخلاف کارروائی سے روک دیا

29 Mar, 2023 | 11:21 AM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف پولیس کو تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے درج مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔عدالت نے مقدمات کے اندراج کی صورت میں ایف آئی آر کی نقول رپورٹ کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیا جبکہ علی امین گنڈا پور کیخلاف جاری انکوائریز کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں، عدالت نے 31 مارچ تک تفصیلات جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات بھی دور کر دیئے،  تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق علی امین گنڈا پور کو متعدد جعلی مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے اور ایف آئی آر کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں