استعفیٰ کیوں دیا؟ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وجہ بتادی

29 Mar, 2022 | 02:25 PM

(زاہد چودھری) وزیراعلیٰ پنجاب سردار  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ کا منصب وزیراعظم عمران خان اور عوام کی امانت ہے،عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا۔

وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کرنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا پہلا بیان سامنے آگیا، عثمان بزدار نے کہا کہ ملک و قوم اور پارٹی کے مفاد میں استعفیٰ دیا، استعفے کی منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ چھوڑ دوں گا،وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں اور سپاہی رہوں گا،پارٹی ہے، وزیراعظم عمران خان ہیں تو باقی سب چیزیں بھی رہیں گی،ذات سے بڑھ کر ملک و قوم کا مفاد عزیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان میرے قائد ہیں، ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا،مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا،عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا،وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ محض عوام کی خدمت کیلئے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا اور دن رات کام کیا ہے اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھائیں گے۔

 عثمان بزدار  کی افسران کے ساتھ الوداعی ملاقاتیں شروع 

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے افسران کے ساتھ الوداعی ملاقاتیں بھی شروع کر دیں، سردار عثمان بزدار نےوزیر قانون راجہ بشارت سے خصوصی ملاقات کی، دوران ملاقات وزیر قانون سے موجودہ سیاسی صورتحال کے قانونی پہلوئوں پر صلاح مشورہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم سمیت اپنے ساتھ کام کرنے والے بیوروکریٹس سے ملاقاتیں کیں، وزیر اعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے ساتھ کام کرنے والے بیوروکریٹس کا شکریہ بھی ادا کیا .

مزیدخبریں