ن لیگ نے عبدالعلیم خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کا اشارہ دیدیا

29 Mar, 2022 | 01:04 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے اور عثمان بزدار کے استعفے  کے بعد پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے حکومت اور اپوزیشن کا ٹی 20 میچ جاری ہے، پی ٹی آئی نے چودھری پرویز الہیٰ کو  نیا وزیراعلیٰ پنجاب نامز دکیا جبکہ پاکستان مسلم لیگ( ن) نے  عبدالعلیم خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کا اشارہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں (ن) لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ ہماری پنجاب اسمبلی میں اکثریت ہے، علیم خان ہمارے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوسکتے ہیں، اتحادی ہونے کی وجہ سے کچھ باتیں مجبوری میں قبول کی جاتی ہیں، ق لیگ اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہوگی،  چوہدری شجاعت کا فیصلہ حتمی ہوگا، امید ہے وہ اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔

دوسری جانب وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن کوسرپرائزاتنا بڑاملا ہے کہ انہیں کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی، پہلے پرویزالٰہی کی بات تھی اب علیم خان کی بات کررہےہیں، اپوزیشن تومٹھائیاں کھا کربیٹھی تھی ، حکومت نےسرپرائز دے دیا، اتحادی ہمارےساتھ تھے اور ہمارے ساتھ رہیں گے، اتحادیوں کووزارت دینےکاہمیں ہی فائدہ ہے۔

واضح  رہے کہ  گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ق کے رہنما سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر چودھری پرویز الٰہی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اعتماد پر پورا اتروں گا،ق لیگ بطور اتحادی آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ 


 

مزیدخبریں