خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں تمام فیصلے میری رضامندی سے ہوئے، چودھری شجاعت

29 Mar, 2022 | 11:59 AM

 ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اپنے خاندان میں سیاسی اختلافات  کی خبروں کو غلط قراردیتے ہوئے   کہا  ہے کہ تمام فیصلے ان کی مشاورت  اور حمایت  سے ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کی جانب جاری بیان میں چوہدری شجاعت نے مزید کہا ہے کہ ہمارا خاندان اور جماعت ایک پیج ہیں، غلط افواہیں پھیلائی اور خبریں چلوائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان پچھلے 50 برسوں سے پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے۔میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر کہنا چاہوں گا کہ ہمارا خاندان بہت بڑا ہے لیکن فیصلے میری رضامندی سے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھر میں اب تک جتنے بھی فیصلے ہوئے ہیں سب میری مشاورت اور رضامندی سے ہوئے ہیں۔

چوہدری شجاعت کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ وضاحت پر یقین نہیں رکھتے تاہم کہنا چاہوں کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ اسمبلی میں پچھلی اسمبلیوں کے مقابلے میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے، ان پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط ہے۔پیسے کے لین دین کے الفاظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، لوگ خصوصاً پڑھے لکھے لوگ اس کو پسند نہیں کرتے۔
غلط پروپیگنڈہ کرنا اور حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا نہایت نامناسب بات ہے۔چوہدری شجاعت کے مطابق اختلافات کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
 یادرہے مسلم لیگ ق کے اہم رکن قومی اسمبلی طارق بشیر  کے استعفے  کے بعد اور اس بیان پر کہ  انہوں نے چوہدری شجاعت حسین کی اجازت سے استعفیٰ دیا ہے،  افواہ پھیل گئی تھی کہ چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالہی جو چودھری برادران کے نام سے معروف ہیں میں اختلافات ہیں۔
 

مزیدخبریں