(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد ملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بعد مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ نے بھی اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے،طارق بشیر چیمہ نے وفاق میں حکومت کی حمایت پر اپنے استعفے سے متعلق ق لیگ کی قیادت کو پہلے ہی آگاہ کررکھا تھا، کیوں کہ وہ حکومت کی حمایت نہیں کرنا چاہتے تھے جبکہ ق لیگ قیادت کی ہمدردیاں شروع سے ہی حکومت کے ساتھ تھیں۔
طارق بشیر کا کہنا تھا کہ میں حکومت کے خلاف اصولی موقف سے واپس نہیں ہوسکتا، وزیراعظم نے بہت سارا وقت ضائع کر لیا، حکومت جمہوری اداروں میں استحکام لانے اور صوبوں میں گورننس کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی، زندگی رہی تو عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف دوں گا۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت اور پرویزالہٰی میں کوئی فرق نہیں، میں نے اجازت لے کر استعفیٰ دیا ہے، پارٹی کا ہر فرد اپنے فیصلے میں آزاد ہے،پرویزالہٰی میرے محسن ہیں، ہر لحاظ سے ان کے ساتھ ہوں، لیکن میرا ضمیر اجازت نہیں دے رہا ہے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کروں۔