مزید40علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن،پورا علاقہ بند ہوگا

29 Mar, 2021 | 11:17 PM

M .SAJID .KHAN
Read more!

(راؤدلشاد)ضلعی انتظامیہ نے 40 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تیاری شروع کردی،کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت علاقوں کو مکمل بند کرنے کی منصوبہ بندی بھی کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور مدثرریاض ملک نےکہاکہ ایک گلی یا دو گلیاں بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہورہا ،پورا علاقہ ہی بند کرناپڑے گا۔انہوں نے عوام الناس سے کوویڈ جیسے مشکل حالات میں بھرپور تعاون کی اپیل کر دی۔انہوں نے کہا کہ میرج ہالز کو بند کرنے کے پنجاب حکومت کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایاجائے گا، 300 افراد کی آؤٹ ڈور اجازت کو بھی مس یوز کیاگیا،گزشتہ 14 دنوں میں 11 ہزار افراد کاکورونا پازیٹو ہوا ہے،یہ ایک گھمبیر صورتحال ہے جس سے نمٹا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ جیسے مشکل حالات میں سب نے ملکر کام کرنا اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کرنا ہے،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کےلئےضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ  کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے صورت حال سنگین ہوچکی ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نےموثر اقدامات کرتے اہم فیصلے کئے، کاروباری مراکز اور تعلیمی سرگرمیاں معطل کردیں گئیں ہیں جبکہ عوامی تحفظ کے لئے ماسک کا استعمال بھی ضروری قرار دیا گیا، کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے مارکیٹس کی بندش کے حوالے سے ٹویٹر پر ٹویٹ کیا۔اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مارکیٹیں شام چھ بجے بند کرنے پر عملدراد ہوگا،ان ڈور اور آوٹ ڈور شادیوں کی بندش کے بھی اہم فیصلے پر عملدرامد ہوگا ، ماس ٹرانزٹ کی بندش اور تمام ان ڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر بھی عملدرامد کرایا جائے گا ،تمام پابندیوں پر پوری طرح سختی سے عملدرامد کرایا جائے گا۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی شدت ، شادی تقریبات ، کھیلوں ، ثقافتی ، سماجی اور تفریحی تقریبات پریکم اپریل سے 11 مارچ تک پابندی عائد ، میٹرو بس ، اورنج لائن ٹرین سمیت پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی ۔ کاروباری ، تجاری مراکز شام چھ بجے تک کھلیں گے ، ہفتہ اتوار کاروباری مراکز بند رہیں گے ۔ جنرل سٹورز ، میڈیکل سٹورز ، پٹرول پمپس سمیت سبزی ، پھل اور گوشت کی دکانوں سمیت اشیائے ضروریہ کے مراکز کھلے رہیں گے ۔ شہریوں کیلئے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا ۔محکمہ پرائمری ہیلتھ نے پابندیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔


 

مزیدخبریں