سٹی42: کورونا وائرس سے 41 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ ایک لاکھ 7 ہزار 95 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 369 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب 2 لاکھ 15 ہزار 227، سندھ 2 لاکھ 64 ہزار 889، کے پی 85 ہزار 531، بلوچستان 19 ہزار 525، گلگت بلتستان 5 ہزار 10، اسلام آباد میں 56 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 6 ہزار 246، سندھ میں 4 ہزار 491، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 301، اسلام آباد میں 561، بلوچستان میں 206، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 348 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
واضح رہے کہ کورونا کیسز کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر گزشتہ روز این سی او سی کے اجلاس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ پنجاب میں تمام شہریوں کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیاہے ، ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جرمانے کے ساتھ چھ ماہ قید بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اسد عمر کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت این سی او سی کی ہدایت پر مکمل عمل کر رہی ہے۔، صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید تشویش ناک ہو گئی ہے ، گجرات اور گوجرانوالہ کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
کورونا کی تیسری لہر تیز , درجنوں جان سے گئے ،ہزاروں نئے مریض رجسٹرڈ
29 Mar, 2021 | 09:40 AM